سٹاپ واچ لسٹ

ڈاکٹر شہباز گل، شہزاد اکبر، اعظم خان سمیت دیگر افراد کے نام سٹاپ واچ لسٹ سے نکالنے کے حکم امتناع میں اٹھارہ اپریل تک توسیع

اسلام آباد (گلف آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈاکٹر شہباز گل، شہزاد اکبر، اعظم خان سمیت دیگر افراد کے نام سٹاپ واچ لسٹ سے نکالنے کے حکم امتناع میں اٹھارہ اپریل تک توسیع کردی جبکہ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ عدالت ایف آئی اے کے کنڈکٹ کو دو سال سے دیکھ رہی ہے جو ہوا اور جو ہورہا ہے ٹھیک نہیں۔

بدھ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ڈاکٹر شہباز گل شہزاد اکبر اعظم خان سمیت دیگر کے نام سٹاپ واچ لسٹ میں شامل کرنے سے متعلق کیس پر سماعت کی۔ دوران سماعت ایف آئی اے حکام عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ سٹاپ لسٹ میں شامل کیے جانے والے افراد کے خلاف اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی جانب سے ناجائز ذرائع سے دولت کمانے اور کرپشن سے متعلق درخواست موصول ہوئی جس پر ان کے نام لسٹ میں شامل کیے گئے۔

عدالت سے استدعا ہے کہ دو دن کا وقت دیا جائے تاکہ تفصیلی رپورٹ جمع کراسکیں۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ ایف آئی اے کے کنڈکٹ کو دو سال سے دیکھ رہے ہیں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ٹھیک نہیں۔ عدالت نے اعظم خان شہباز گل اور شہزاد اکبر کے نام واچ لسٹ سے نکالنے کے حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے فریقین سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت اٹھارہ اپریل تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں