کراچی (گلف آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہمارے حکمران چہرے بدل بدل کر عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی یہودی ایک بار پھر سے مسلمانوں کے خلاف سازش کررہے ہیں، گزشتہ دنوں صیہونی اور اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مسلمان بچوں کو گرفتار کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ عالم عرب کا حکمران طبقہ مغرب کے آگے جھکتا ہے لیکن مسلمانوں کے خلاف اٹھنے والے اقدامات پر خاموش ہوجاتا ہے، بد قسمتی سے طویل عرصے سے فلسطین میں یہودیوں کو بسانا شروع کیا ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم حماس کے نوجوانوں اور مسلمان بچے بوڑھے اور نوجوان کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے استقامت کا اظہار کیا ہوا ہے۔انہوںنے کہا کہ فلسطینی مسلمان تلواروں کے سائے میں عبادات کرنے پر مجبور ہیں، فلسطینی عوام نے اللہ کی غلامی کو قبول کیا اور طاغوت سے بغاوت کی ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عالم اسلام کے حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی قبول کی ہوئی ہے، آج عالم اسلام کے حکمران علی الاعلان امریکا کے خلاف بغاوت کا اعلان کریں۔
نعیم الرحمان نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ بیت المقدس مسجد اقصی کی آزادی کے لیے جدوجہد کریں، مسجد اقصی کی آزادی مسلمانوں کے ایمان کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ ہمارے حکمران بھی امریکا اور آئی ایم ایف کے غلام بنے ہوئے ہیں، ہمارے حکمران چہرے بدل بدل کر عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں، بیت المقدس کی آزادی کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ حکمرانوں سے نجات کے لیے بھی جدوجہد کریں۔