کوئٹہ (نمائندہ خصوصی) وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے شہدا اور فورسز پر فخر ہے۔ میر عبدالقدوس بزنجو نے آواران کے علاقے کاہان میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی ہے۔ وزیراعلی بلوچستان نے دہشت گردوں سے مقابلے میں میجر شاہد بشیر کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید میجر نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید میجر کی کمانڈ میں سیکیورٹی اہلکاروں نے ملک دشمن عناصر کو بھاگنے پر مجبور کیا، ہمیں اپنے شہدا اور فورسز پر فخر ہے۔ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے غیور اور محب وطن عوام کے ساتھ ملکر صوبے میں امن و استحکام یقینی بنا رہی ہیں۔ وزیراعلی نے شہید میجر شاہد بشیر کے خاندان سے بھی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی شہید کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔ وزیراعلی میر عبدالقدوس بزنجو نے اس واقعے میں زخمی اہلکار کی جلد صحت یابی کیلئے دعا ہے۔