لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما وسابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ملک کی بقاء اورجمہوریت کی مضبوطی کیلئے صاف اور شفاف انتخابات نا گزیر ہیں ،عمران خان کی قیادت میں ملک کو حقیقی معنوں میں خودمختاری دلانے کے ساتھ صاف و شفاف انتخابات کیلئے بھی جدوجہد کریں گے ،پی ٹی آئی کی حکومت کو تو طعنے دئیے جاتے تھے لیکن نام نہاد تجربہ کار حکومت کے وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف سے قرض کے حصول کیلئے ان کے سارے مطالبات من و عن تسلیم کر لئے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے131میں پارٹی رہنما چوہدری شاہد اقبال کی جانب سے دی گئی افطار پارٹی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر لاہور کے صدر شیخ امتیاز محمود،فیصل حاکم بھٹی،شیخ بشارت علی،چوہدری ناصر محمودایڈووکیٹ،عظمت اللہ وڑائچ،رانا وسیم شہزاد پنواراورپیر سکندر شاہ سمیت دیگر رہنما اورحلقے کے اکابرین بھی موجودتھے۔
ہمایوں اخترخان نے کہا کہ جب تحریک انصاف نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی تو ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا لیکن عمران خان جو پہلی بار وفاق میں حکومت میں انہوں نے مایوس ہونے کی بجائے بھرپور عزم اور وژن کے ذریعے ملک کو مشکل صورتحال سے باہر نکالا،تمام عالمی اداروں کی رپورٹس موجود ہیں جس کے مطابق ہمارے دور میں معاشی اشاریے بہتری کی جانب گامزن تھے، برآمدات میں بے پناہ اضافہ ہو، ترسیلات زر ریکارڈ سطح پر پہنچیں ،زرعی ،تعمیراتی اور صنعتی شعبوں کی ترقی کی وجہ سے نہ صرف گروتھ ہوئی بلکہ لاکھوں کی تعدادمیں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی سیاست کو پس پشت ڈالتے ہوئے اصلاحات جیسے مشکل ہدف کا تعین کیا جس سے تمام اداروں کی استعداد کار میں اضافہ ہوا اور معیشت کو تقویت ملی ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عمران خان کے کامیاب جلسے اس بات کا ثبوت ہیں کہ ان شا اللہ دوبارہ اکثریت سے واپس آئیں گے اور ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگاجہاں سے اس میں سازش کے ذریعے تعطل لایا گیا ۔