لاہور(گلف آن لائن)تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم نے کہا ہے کہ درآمد ہونے والے تیل اور گیس کی قیمتیں ملکی معیشت کے لئے خطرہ بن گئی ہیں اس سے امپورٹ بل میں زبردست اضافہ ہوا اور ادائیگیوں کا توازن بری طرح بگڑ رہا ہے حکومت ملک میں تیل اور گیس کی تلاش کے کام کو سرمایہ کاروں کو مراعات دے کر تیز کرے جبکہ جوہری توانائی اور گرین انرجی کے اہم شعبوں پر توجہ دے تاکہ ملک میں جاری توانائی بحران کا خاتمہ ممکن ہوسکے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے ڈالر کی قیمت 186روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی ڈالر کی قیمت میں اضافہ سے غیر ملکی قرضوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبہ میں استعمال ہونے والا درآمدی خام مال بھی مہنگا ہورہا ہے ۔
جس سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت بڑھے گی اشیاء مہنگی ہونگی اور ملک میں جاری مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوگا ۔ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ سے کاروباری لاگت بڑھ رہی ہے اس لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان روپے کی قیمت میں استحکام اور ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کو کنٹرول کرنے کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کرے۔