حماس

غزہ جنگ سے دور نہیں، دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنا رہے ہیں،حماس

دوحا (گلف آن لائن)اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے مسجد اقصی کے خلاف دشمن کے تمام منصوبوں اور ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ھنیہ نے عالمی یوم قدس کے موقع پر ایک تقریر میں خبردار کیا کہ مسجد اقصی میں دشمن کی حد سے تجاوز کرنے اور مزید حماقتیں کرنے کی کوششیں دو طرفہ تنازعہ کو علاقائی تنازع میں بدل سکتی ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر دشمن اپنی حدود سے تجاوز کرتا ہے اور قبلہ اول سے چھیڑ چھاڑ سے بازنہیں آتا تو غزہ جنگ سے دور نہیں رہ سکتا۔ہنیہ نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ فلسطینی عوام کے مرابطین، مرابطات، مقبوضہ اندرونی علاقوں کے فلسطینیوں اور غزہ میں حمایت کی طاقت نے اس قبلہ اول پر صہیونی جارحیت کی سازش ناکام بنا دی۔

انہوں نے کہا کہ یوم قدس نسلوں کی یاد میں ایک لافانی دن بن گیا ہے۔ اسماعیل ھنیہ نے خبردار کیا کہ رمضان المبارک کے آغاز میں اسرائیل پر ہونے والے فلسطینی فدائی حملے آخری نہیں تھے۔ اس طرح کی کارروائیاں مزید ہوسکتی ہیں۔ ان فدائی حملہ آوروں کا کسی گروپ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کسی ایک جماعت تک محدود نہیں بلکہ یہ پوری فلسطینی قوم کا فیصلہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں