اسلام آ باد (نمائندہ خصوصی ) وزیرداخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا ہے کہ قوم کو مہنگائی ، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ سے سکون دینا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے نہ لڑیں، فارن فنڈنگ کی چوری کا کیس لڑیں۔
رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ آئین، پارلیمنٹ، عدلیہ کے بعد الیکشن کمیشن سے غنڈہ گردی نہ کریں، آئین، قانون اور اداروں کا احترام کریں، غنڈہ گردی کی تو قانون آپ کے سامنے کھڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت آنے سے ملک میں سکون اور چندآئین شکن بے سکون ہیں، عوام کو اب سکون ہے کہ روز کی گھبراہٹ اور بے سکونی سے نجات ملی۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ کرسی کے نشے میں مبتلا ٹولہ حالت گھبراہٹ میں ہے، مفت کی روٹی بند ہونے کے بعد ایسی حالت ہو ہی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتشار چند ذہنوں تک محدود ہوگیا ہے، ملک اب استحکام، ترقی اور خوش حالی کی سمت چل پڑا ہے جبکہ مہنگائی، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، معیشت کی روانی پر جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ ہم سے جنگ کرنے والوں کو عوام نمٹ لیں گے، ہم نے ان مسائل سے جنگ کرنی ہے جنہوں نے چار سال سے عوام کومصیبت میں ڈالا ہوا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ ہم نے قوم کو مہنگائی ، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ سے سکون دینا ہے، شہبازشریف اسپیڈ سے مہنگائی، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ کو ختم کرکے دم لیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام پر گھبراہٹ طاری کرنے والوں کی گھبراہٹ شہبازشریف سپیڈ کی وجہ سے مزید بڑھتی جائے گی۔