لاہور(گلف آن لائن )اسٹیٹ بینک کی جانب سے مسلسل تیسرے سال بھی شہریوں کیلئے عید الفطر پر نئے کرنسی نوٹ جاری نہیں کئے گئے ،شہری مارکیٹ سے نئے کرنسی نوٹ بلیک میں خریدنے میںمجبور ہیں۔ اسٹیٹ بینک کی عید الفطر پر نئے کرنسی نوٹ کے اجراء کی روایت پر کورونا وباء کی وجہ سے پابندی عائد کی گئی تھی ۔ امسال کورونا کے کیسز نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں تاہم اس کے باوجود اسٹیٹ بینک کی جانب سے نہ اسٹیٹ بینک کے دفاتر اور نہ شیڈولڈ بینکوں کے ذریعے عام صارفین کے لئے نئے کرنسی نوٹوں کا اجراء کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق کمرشل بینکوں کی جانب سے بڑ ے اکائونٹس ہولڈرز کو نئے کرنسی نوٹ جاری کئے گئے ہیں تاہم عام اکائونٹ ہولڈرز کو مانگنے کے باوجود نئے کرنسی نوٹوں کی سپلائی نہ آنے کا عذر پیش کر کے معذرت کی جارہی ہے۔
دوسری جانب شہری عید الفطر پر بچوں کو عیدی دینے کے لئے مارکیٹ سے بلیک میں نئے کرنسی نوٹ خرید رہے ہیں جس کیلئے انہیں زائد قیمت ادا کرنا پڑرہی ہے ۔ذرائع کے مطابق 10روپے کے نئے کرنسی نوٹوںکی گڈی پر 150سے200روپے،20والی گڈی پر250سے300،50والے نئے کرنسی نوٹوں کی گڈی پر400سے500روپے اور100روپے والے نئے کرنسی نوٹوں کی گڈی پر 800سے1000روپے تک مانگے جارہے ہیں۔