اسلام آباد(گلف آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ پاکستانی سیاست عدم برداشت کا شکار ہوچکا ہے، احترام کا رشتہ نہیں چھوڑنا چاہئیے،سیاست کو سیاست رہنے دیں، ذاتیات کی جنگ نہ بنائے، اسی میں سب کی بھلائی ہے۔ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک اندرونی و بیرونی مشکلات کا شکار ہے، افراتفری پھیلانے کی کوششوں کو ناکام بنانا ہوگا۔آئین و پارلیمان کی بالادستی ہی مسائل کا واحد حل ہے، آئینی بحران سے ملکی مسائل میں مزید اضافہ ہوگا۔
اگر آئین کا احترام نہیں ہوگا تو ملک میں انارکی پھیلے گی اور ملکی بقا کا مسئلہ بن سکتا ہے۔عوام اور پارلیمان ہی طاقت کے سرچشمے ہیں، جو اسے نہیں مانتے وہ آئین نہیں مانتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا ادراک ہونا چاہیئے، عوام بدامنی،بے روزگاری کا سامنا کررہے ہیں۔پاکستان میں بڑھتی ہوئی بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ سمیت عوامی مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ملک میں جاری بدامنی کی نئی لہر کو کنٹرول کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان ہی واحد راستہ ہے۔
انہوں نے تشویش ظاہر کی کہ دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا، ایسا نہ ہو کہ دیر ہوجائے۔اس جنگ کا خمیازہ ہم بھگت چکے ہیں، مزید اس آگ کا ایندھن نہیں بن سکتے۔ اس بار اگر آگ لگ گئی تو صرف دھواں نہیں آگ اس پورے خطے کو لپیٹ میں لے گا۔