فیصل آباد (نمائندہ خصوصی )وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی کا چار سالہ دور مشرف سے بھی برا تھاجس میں اگر وہ سیاسی انتقام کی بجائے کام پر توجہ دیتے تو شاید کوئی تبدیلی آجاتی لیکن اب ہمیں آگے بڑھنا اور عوام کے کام کرنا ہیں،ہم کامیابی کیلئے مل کر مشکلات کا مقابلہ کریں گے۔
ہفتہ کی رات گئے سرکٹ ہاس فیصل آباد میں ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداران سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کو نواز شریف، شہباز شریف فوبیا ہو گیا تھا اور وہ روزانہ اپنے لوگوں سے پوچھتے تھے کہ آج نواز شریف نے کتنی روٹیاں کھائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے دعویداروں نے جتنی توانائیاں شریف خاندان کو انتقامی کاروائی کا نشانہ بنانے پر صرف کیں اس سے آدھی بھی کام اور اپنے حواریوں کی لوٹ مار روکنے پر خرچ کر لیتے تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی جو انہوں نے کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ عمرانی حکومت کے پاس اپنی کارکردگی بتانے کیلئے کچھ نہیں اسلئے انہوں نے چار سال صرف اور صرف الزامات کی سیاست کی لیکن وہ ایسا نہیں کریں گے بلکہ اپنی تمام توجہ ملکی حالت بہتر اور عوام کا معیار زندگی اچھا بنانے کیلئے مرکوز کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور رانا ثنااللہ نے عمرانی دور میں بہت قربانیاں دیں لیکن ان کے پایہ استقلال میں کوئی لغزش نہ آئی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ اللہ نے انہیں عزت دی ہے لیکن یہ بہت بڑا چیلنج بھی ہے کیونکہ ادارے تباہ ہوچکے ہیں مگر وہ جنگی بنیادوں پر بہتری لانے کی پوری کوشش کریں گے۔
اس موقع پر مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر و وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران نیازی کا دور ظلم و جبر کا دور تھا اور ان کے وزیر مشیر روز نئی پٹاری کھول کر بیٹھ جاتے تھے لیکن وہ اپنے چار سالوں میں مخالفین پر کوئی ایک الزام بھی ثابت نہیں کرسکے۔
انہوں نے کہا کہ ان چار سالوں میں سب سے زیادہ قربانی حمزہ شہباز نے دی اور ثابت قدم بھی رہے لہٰذا وہ انہیں وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے اور اپنے ہر ممکن تعاون کا بھی یقین دلاتے ہیں۔
اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی خلیل طاہر سندھو، رانا علی عباس، میاں طاہر جمیل نے بھی خطاب کیا اور حمزہ شہباز کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کرنے سمیت فیصل آباد کے حوالے سے بعض اہم معاملات و مسائل پر بھی روشنی ڈالی۔انہوں نے پرانی سبزی منڈی نزد چناب چوک کی جگہ آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام، چلڈرن ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور بعض دیگر منصوبوں پر عملدرآمد کی بھی اپیل کی۔
اس پر حمزہ شہباز نے ارکان اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی رہنما¶ں کو یقین دلایا کہ ان کی تجاویز پر بھر پور غور کیا جا ئے گا اور تمام امور میں ان کی مشاورت یقینی بنائی جا ئے گی۔