راولپنڈی(گلف آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف زرداری نے (ن) لیگ سے پرانا قرضہ بمعہ سود واپس لیا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جس نیب کے قانون کی زد میں اپوزیشن لیڈر آتے ہیں اسے ختم کیا جارہا ہے، جو کھڈا اور سازش عمران خان کیلئے بنائی گئی تھی، اس کھڈے میں اپوزیشن خود گرگئی ہے، آصف زرداری نے (ن) لیگ سے پرانا قرضہ بمعہ سود واپس لیا ہے۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ فیصل آباد اور ملتان کا جلسہ نہ کرنے دیا گیا تو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان 20 مئی سے پہلے بھی ہوسکتا ہے، 17 اور 18 مئی سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاریاں شروع کردی جائیں گی اور آئندہ آنے والے 15 دن سیاست میں بہت اہم ہوں گے۔
شیخ رشید نے کہاکہ طاقت کا استعمال کیاگیا تو پی ٹی آئی اور اٹھے گی، یہ لوگ ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں، یہ لوگ اپنے کیسزختم کرانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت بے نقاب ہونے جارہی ہے، ملک ڈیفالٹ ہونے کی طرف جاسکتا ہے، ملک انتشار کی طرف جارہا ہے۔