لاہور (گلف آن لائن) وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہاہے کہ آپس کے مضبوط رشتوں سے خاندان مضبوط ہوتے ہیں، ہر رشتے کا خیال رکھنے ہم سب کا فرض ہے۔حمزہ شہباز نے انٹرنیشنل فیمیلز ڈے پر اپنے پیغام میں کہاکہ خاندان کے ہر فرد سے محبت، خلوص اور شفقت سے پیش آنا ہمارا اخلاقی، سماجی اور دینی فریضہ ہے۔
خاندان مضبوط ہونے سے معاشرے کے توانا ہونے کا احساس ہوتا ہے ۔بدقسمتی سے بعض عناصر نے سیاسی عزائم کی تکمیل کے لیے ہمارے معاشرے میں زہر گھول دیا ہے۔انتہا پسندانہ سوچ اور عدم برداشت کے رویوں کو مخصوص ایجنڈے کے تحت پرموٹ کیا گیا ہے۔شدت پسندی کی بڑھتی ہوئی یلغار نے خاندانوں کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے۔
ہم سب کو بحیثیت قوم دلوں کو جوڑنا چاہیے ناکہ ذاتی مفادات کی خاطر نفرتوں کا پرچار کرنا چاہیے۔رشتوں کا خیال رکھنا اور خاندان کی اکائی شاندار مشرقی روایات کا حصہ ہیں ۔انہوںنے کہاکہ میری ٹیم میرے لئے ایک خاندان ہے ۔انٹرنیشنل فیمیلز ڈے پر خاندان کے افراد کا خیال رکھیں اور احساس کریں۔