کراچی(گلف آن لائن)یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن رواں مالی سال سیلز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہوگیاہے۔ذرائع کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کو رواں مالی سال ماہ رمضان میں سیلز میں 10 ارب روپے کے نقصان کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ یوٹیلیٹی اسٹورز نے رواں مالی سال رمضان میں 26 ارب روپے سیلز کا ہدف رکھا تھا، رمضان میں حکومتی سبسڈی کے باوجود 16 ارب روپے کی سیلز ہوئیں۔ذرائع نے بتایاکہ سیلز میں کمی بروقت خریداری نہ کرنے اور اشیا کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہوئی۔
گزشتہ مالی سال سے رواں مالی سال اشیا کی قیمتوں میں بھی 30 فیصد تک اضافہ ہوا۔گزشتہ مالی سال گھی 170 روپے، چینی 68 روپے اور آٹا 800 روپے کا دستیاب تھا۔ رواں مالی سال گھی 260 روپے، چینی 85 روپے اور 75 روپے اور آٹا 950 روپے اور 800 روپے میں فروخت ہوا۔ذرائع نے بتایاکہ اشیا کی قیمتوں میں اضافے کو دیکھا جائے تو سیلز مزید کم ہوئیں ۔دیگر سبسڈائزڈ اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافے کے باوجود سیلز میں کمی ہوئی۔