برلن ( گلف آن لائن)جرمن چانسلر نے کہا ہے کہ یوکرینی جنگ کے حوالے سے روسی مقف میں کوئی لچک دیکھائی نہیں دے رہی ہے۔ ادھر روس نے خبردار کر دیا ہے کہ اگر نیٹو روسی سرحدوں کے قریب جوہری ہتھیار نصب کرے گا تو جوابی کارروائی کی جائے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق جرمن چانسلر اولاف شولس نے یوکرین جنگ کو پاگل پن قرار دیتے ہوئے کہا کہ گیارہ ماہ گزرنے کے بعد بھی روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے موقف میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آ رہی ہے۔ اتوار کے دن ایک انٹرویو میں شولس نے کہا کہ روس ابھی تک یوکرین میں اپنے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کر سکا ۔
جرمن چانسلر نے مزید کہا کہ نیٹو فورسز پیچھے نہیں ہٹی ہیں بلکہ مشرقی سرحدوں پر واقع اتحادی ممالک میں اس کی توجہ زیادہ ہو گئی ہے۔ ان کے بقول یوکرین جنگ کی وجہ سے نیٹو اتحاد میں ایک نئی توانائی آئی ہے۔ شولس کا یہ بھی کہنا تھا کہ یوکرین جنگ میں روسی افواج کو ہونے والا نقصان بہت زیادہ ہے۔ ان کا دعوی ہے کہ سوویت یونین اور افغانستان کی ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک جاری رہنے والی جنگ میں اسے اتنا نقصان نہیں ہوا تھا جتنا روس کو ان گیارہ مہینوں میں ہو چکا ہے۔