برلن (گلف آن لائن)جرمنی کی سیاسی جماعت کرسچئن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو)جرمنی کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا میں انتخابات جیت گئی ہے۔ جرمن میڈیا نے بتایاکہ ابتدائی نتائج کے مطابق سابق چانسلر میرکل کی پارٹی کو کل 35.7 فیصد ووٹ ملے جبکہ سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹ پارٹی (ایس پی ڈی)کو 27 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ ماحول دوست سیاسی جماعت گرین پارٹی کو 18.1 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔
گرین پارٹی کا کہنا تھا کہ وہ اس سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد بنائے گی، جو ماحول دوست پالیسیاں بنانے میں مدد گار ہو گی۔ انتخابات کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ جرمن چانسلر اولاف شولس کی سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی مقبولیت میں کمی آئی ہے۔ جرمنی کی اس ریاست میں 13 ملین رجسٹر ووٹرز ہیں۔