اسلام آباد (گلف آن لائن)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی ایک روزہ سیریز کے میچز شام میں شروع کروانے کے قوی امکانات ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے تینوں ایک روزہ میچز تقریباً شام 5 بجے شروع کروانے پر غور شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق ملک بھر میں ہیٹ ویو کے باعث میچز دن میں شروع نہیں کروائے جاسکتے، عموماً ڈے اینڈ نائٹ ایک روزہ میچز پاکستان وقت کے مطابق 2 بجے شروع کیے جاتے ہیں، دوپہر کے وقت راولپنڈی اور ملتان میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جاتا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو سے کھلاڑیوں کو بچانے کے لیے پی سی بی ڈرنکس بریک اور کولنگ کالر کے انتظامات کرے گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل 2012 میں بھی پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے میچز شام 6 بجے شروع کروانے کا فیصلہ کیا تھا، دونوں ٹیموں کے مابین متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ سیریز کھیلی گئی تھی، جس کے میچز شام 6 سے رات پو دو بجے تک کھیلے گئے تھے۔