وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا سینئر کشمیری رہنمایاسین ملک کی فوری رہائی کا مطالبہ

اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سینئر کشمیری رہنما محمد یاسین ملک کو بھارتی عدالت کی جانب سے جعلی الزامات پر فرد جرم عائد کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے، بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت دینے کے سنگین انسانی نتائج برآمد ہوں گے۔ منگل کو وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ محمد یاسین ملک پر لگائے گئے من گھڑت الزامات کو ختم کرکے انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔ انہوں نے بھارتی عدالت کی طرف سے محمد یاسین ملک پر غلط فرد جرم عائد کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یاسین ملک غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنمائوں میں سب سے نمایاں اور قابل احترام آواز ہیں، بھارت انہیں فوری طور پر رہا کرے اور انہیں اپنے خاندان کے ساتھ دوبارہ ملنے کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عشروں سے جاری بھارتی جبر کے خلاف ان کے پختہ عزم کو ایسے غیر منصفانہ فیصلوں سے متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنا چاہیے،بھارت کو جان لینا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت کے استعمال سے ہمیشہ کیلئے نہیں روک سکتا جو انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت دیا گیا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ انہیں بھارت کو محمد یاسین ملک کے ساتھ ہونے والی اس سنگین ناانصافی کو روکنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اگر بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت دی گئی تو اس کے سنگین انسانی نتائج برآمد ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں