اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کو جاری رکھنے اور پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے پرعزم ہے۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مفتاح اسماعیل نے لکھا کہ دوحہ میں آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد ابھی پاکستان پہنچا ہوں، گزشتہ ہفتے پاکستانی وفد کے آئی ایم ایف حکام کے ساتھ مفید اور تعمیری مذاکرات ہوئے، مذاکرات میں مالی سال 2022 کے نمایاں خدوخال پر تبادلہ خیال ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ فروری 2022 میں فیول پر دی گئی سبسڈیز سے متعلق بات چیت ہوئی اور مالی سال 2023 کے مالی اہداف پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔مفتاح اسماعیل نے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ بڑھتے افراط زر، گرتے زرمبادلہ کے ذخائر اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف نے فیول اور بجلی پر سبسڈی واپس لینے کی اہمیت پر زور دیا، پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فیول اور بجلی پر سبسڈی دی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ مالی پوزیشن کو مستحکم رکھنے کے لیے سخت مالیاتی پالیسی کی ضرورت ہو گی، حکومت مالی سال 2023 میں بجٹ خسارہ کم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کو جاری رکھنے اور پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے پرعزم ہے۔