لاہور(گلف آن لائن)حمزہ شہباز نے وزیراعلی پنجاب کے الیکشن کے خلاف درخواستوں پر ایک لاکھ روپے جرمانہ اور تحریری جواب لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے اپنے وکیل خالد اسحاق کے ذریعے 16 صفحات کا جواب جمع کراتے ہوئے الیکشن کے خلاف درخواستوں کو جرمانے کے ساتھ خارج کرنے کی استدعا کر دی۔جواب میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلی کا الیکشن ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں بالکل آئین و قانون کے مطابق ہوا۔
وزیر اعلی پنجاب کے لیے الیکشن سپریم کورٹ کی 63-Aکی تشریح سے قبل ہوا ہے۔ قانون کے مطابق سپریم کورٹ کی تشریح کا وزیر اعلی کے الیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔سپریم کورٹ کے فیصلے کا اطلاق ماضی سے نہیں ہو گا۔سابق گورنر کی جانب سے الیکشن سے متعلق چھان بین غیر قانونی تھی۔ سیکرٹری اسمبلی کے پاس بھی الیکشن سے متعلق انکوائری کا کوئی اختیار نہیں۔وزیر اعلی کا الیکشن قانون کے مطابق ہوا اور قانون کے مطابق ذمہ داریاں نبھا رہا ہوں۔
استدعا ہے کہ وزیراعلی کے الیکشن کے خلاف درخواستوں کو جرمانے کے ساتھ خارج کیا جائے۔علاوہ ازیںحمزہ شہباز نے جواب جمع نہ کروانے پر عائد ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی لاہور ہائیکورٹ میں جمع کر ادیا۔عدالتی حکم پر پنجاب حکومت نے بھی جواب جمع کرا دیا۔ پنجاب حکومت کے وکیل نے کہا کہ عدالت سے درخواست ہے جرمانے کو ریکارڈ کا حصہ نہ بنائیں یہ افسران کی نوکری کا معاملہ ہے ۔ عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کی استدعا منظور کر لی۔
٭