لاہور( گلف آن لائن)سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 15 جون تک قوم خود سڑکوں پر آئے گی اور موجودہ حکومت کے خلاف ماتم کرے گی، ملک معاشی بحران کی طرف جارہا ہے اور سیاست دان ٹی وی ٹی وی کھیل رہے ہیں،جون کا مہینہ سیاسی طور پر فیصلہ کن ہوگا یا غریب معاشی طور پر مر جائے گا یا امپورٹڈ حکومت سیاسی طور پر مرجائے گی۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ 16 پاور پلانٹس بند ہونے سے 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہے اور لوگ گرمی سے مررہے ہیں، 60 فیصد تجارتی خسارہ بڑھ گیا ہے ،زرمبادلہ کے ذخائر صرف 9 ارب ڈالر رہ گئے ہیں، بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے بھی ہمارا درجہ منفی کردیا ہے، پہلے معیشت ڈیفالٹ ہوتی ہے اس کے بعد ملک ڈیفالٹ ہوتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ایک ہفتے میں پٹرول 60 روپے فی لیٹر بڑھ گیا ہے ،بجلی 8 روپے فی یونٹ بڑھادی گئی ہے ،چینی 100 روپے فی کلو پہنچ گئی ہے،حکومت انتظار کرے15 جون تک قوم خود سڑکوں پر آئے گی اور موجودہ حکومت کے خلاف ماتم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو مبارک ہو مئیر اور گورنر ان کے لگ گئے ہیں اور ان کے دفتر بھی ان کو مل گئے ہیں اور باپ بھی اپنا حقیقی سیاسی باپ ڈھونڈرہی ہے۔