لاہور(گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ نام نہاد تجربہ کار وں نے چار ہفتوں میں ہماری حکومت کی ساری محنت پر پانی پھیر کر رکھ دیا ہے،(ن)لیگ والے اقتدار میں آکر قیمتوں میں کمی کا ایسے دعوی کر رہے تھے جیسے پیٹرول گوالمنڈی سے نکلتا ہے ،(ن)لیگ والے سرکاری وسائل پر پریس کانفرنسز کے ریکارڈ قائم کرنے کی بجائے کارکردگی دکھائیں ۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ حکمران اتحاد ناکامی تسلیم کرے اورقوم سے معافی مانگ کر نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک تحریک کا نام ہے جس کی وجہ سے (ن) لیگ ، پیپلزپارٹی اور ان کے حواریوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں ۔ حکمران اتحاد کی توجہ عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اس پر مرکوز ہے کہ کس طرح عمران خان کا مقابلہ کیا جائے جس کی وجہ سے ان کی دہائیوں کی سیاست دائو پر لگی ہوئی ہے ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی حقیقی آزادی اور خود مختاری کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر چین سے نہیں بیٹھے گی اور کرپٹ ٹولے کا ہر جگہ تعاقب کیا جائے گا۔