بیجنگ (نمائندہ خصوصی) نیپالی کابینہ کی جانب سے امریکہ کے ساتھ ” اسٹیٹ پارٹنرشپ پروگرام ” (ایس پی پی) تعاون کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جمعرات کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے متعلقہ سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ نیپال کے ایک دوست ہمسایہ اور تزویراتی شراکت دار کے طور پر، چین نیپالی حکومت کے اس فیصلے کی تعریف کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مذکورہ منصوبے کے باعث نیپال میں بڑے پیمانے پر تنازعہ پیدا ہوا ہے۔ نیپال میں زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ مذکورہ پروگرام فوجی اور سیکورٹی نوعیت کا ہے اور اس کا “انڈو پیسیفک اسٹریٹجی” سے گہرا تعلق ہے۔اس پروگرام میں شامل ہونا نیپال کے قومی مفاد میں نہیں ہے ، اسی باعث نیپال کی کابینہ نے مذکورہ پروگرام کے ساتھ آگے نہ بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین ہمیشہ کی طرح نیپال کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ میں مدد کرے گا اور نیپال کی اپنی خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہونے کی حمایت کرے گا۔