لاہور(گلف آن لائن) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنمائوں نے کہاہے کہ حمزہ شہباز اب وزیرِ اعلی پنجاب نہیں رہے،2 ماہ سے ہم پر جو عذاب مسلط تھا آج اللہ تعالی نے اس سے نجات دلا دی،پنجاب میں نئے وزیرِ اعلی کے لیے الیکشن ہونا ہے، تحریکِ انصاف کو آج آئینی اور اخلاقی طور پر بھی فتح ملی ہے۔
ان خیالات کاا ظہارتحریک انصاف کے رہنما میاں محمودالرشید اور راجہ بشارت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید نے کہاکہ حمزہ شہباز اب وزیرِ اعلی پنجاب نہیں رہے،عدالتِ عالیہ نے پی ٹی آئی کی تینوں پٹیشنز منظور کر لی ہیں۔میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ پنجاب کے وزیرِ اعلی کے لیے اب نیا انتخاب ہو گا، آج کا دن پنجاب کی تاریخ کا یادگار دن ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ حمزہ شہباز دھونس دھاندلی، جعلی طریقے سے وزیرِ اعلی بنے تھے، عدالت نے آج حمزہ شہباز کے وزیرِ اعلی بننے کی چھٹی کر دی۔اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت نے کہا کہ 2 ماہ سے ہم پر جو عذاب مسلط تھا آج اللہ تعالی نے اس سے نجات دلا دی۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پنجاب میں نئے وزیرِ اعلی کے لیے الیکشن ہونا ہے، تحریکِ انصاف کو آج آئینی اور اخلاقی طور پر بھی فتح ملی ہے۔
٭٭٭٭٭