اسلام آباد (گلف آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا ء اللہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ہمیں تگنی کا ناچ نچا رہا ہے، ایک ارب ڈالر کیلئے آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات کررہے ہیں،ہر قیمت پر آئی ایم ایف سے مذاکرات کرنا لازمی تھا،کوشش کی پیٹرول کی قیمتیں نہ بڑھانا پڑیں،یہ بھی سوچا کہ قیمتیں بڑھانے کے بجائے الیکشن میں چلے جائیں ، ایسا کرتے تو ملک دیوالیہ ہوجاتا، پاکستان کی معیشت اور امن و امان کی صورتحال ساری قیادت کے مل بیٹھ کربات کرنے سے حل ہوگی،عمران خان نے فرح گوگی اور احسن گجر کی تقدیر بدلی ہے، فرح گوگی کے سوال پر اب یہ جواب نہیں دیتے۔شہدا پولیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہر قیمت پر معاہدہ کرنا تھا، ماضی کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ تاخیر سے معاہدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں سے بچنا چاہتے تھے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کی بہت کوششیں کیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی بڑھتی ہے۔انہوںنے کہاکہ موجودہ صورتحال میں نئے انتخابات کا بھی سوچا، ملک نے ماضی میں ڈیڑھ سو ارب ڈالر کا نقصان اٹھایا، ملکی معیشت اور امن وامان کی صورتحال کا حل سیاسی اتفاق رائے میں ہے، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ایک جگہ سرجوڑ کر بیٹھیں، ایک فرد انتشار پھیلانے پر تلا ہوا ہے۔
رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ تکبر اور غرور انسانوں کو تباہ کرتا ہے، عمران خان کسی کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، پی ٹی آئی چیئرمین کہتے ہیں کہ وہ کسی کو نہیں چھوڑیں گے اور لوگوں کو گالیاں دیتے ہیں، یہ کہتے ہیں فلاں کو نہیں چھوڑوں گا، ایک انسان کی اوقات کیا ہے؟ ملک کے مسائل کے حل کے لیے سب کو مل بیٹھنا ہوگا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کچھ کر سکتا تو پچھلے 4 سال میں کرلیتا، قوم ان کا ساتھ دے گی جو ملک کو اتفاق رائے کے ساتھ آگے لے جارہے ہیں، یہ جلسوں اور لانگ مارچ کی دھمکیاں دیتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ عمران خان نے فرح گوگی اور احسن گجر کی تقدیر بدلی ہے، فرح گوگی کے سوال پر اب یہ جواب نہیں دیتے۔انہوں نے کہا کہ شہدا کے باعث ہی ملک میں پر امن فضا قائم ہے، پولیس افسران نے اپنے فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے شہادت حاصل کی، آئی جی کو کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی ضروریات سے متعلق فہرست فراہم کریں، شہدا کے اہل خانہ کی ہر طرح سے دیکھ بھال کریں گے۔