لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ریلیف پیکج کا اطلاق صرف20 حلقوں میں نہیں بلکہ پورے پنجاب کے لیے ہے۔ عطا تارڑ نے تحریک انصاف کی جانب سے بجلی سبسڈی کو چیلنج کے جانے کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے پنجاب حکومت کے 100 یونٹ مفت بجلی دینے کے اقدام کو سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں چیلنج کر کے انتہائی قابل مذمت قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے پاکستان کی معیشت تباہ کی اور لوٹ مار کا بازار گرم کیا، حکومت نے یہ اقدام غریب عوام کو ریلیف دینے کے لیے کیا۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ایک کسان، فیکٹری ورکر، مزدور اور دیہاڑی دار کے لیے یہ ریلیف پیکیج انتہائی ضروری تھا، غربت عوام کے لئے مہینے کی کمائی سے بجلی کا بل ادا کرنا بہت مشکل تھا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینا تحریک انصاف کو پسند نہ آیا، ان کو تکلیف ہوئی کہ عام آدمی اس ریلیف پیکیج سے مستفید ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے اس کام کو چیلنج کرکے مکروہ حرکت کی ہے، یہ غریب دشمن اور عوام دشمن لوگ ہیں، انہوں نے چار سال میں عوام کو صرف دکھ ہی پہنچائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریلیف پیکج بجٹ کا حصہ ہے اور اسمبلی سے منظور کروایا گیا ہے، اس پیکج کا اطلاق صرف20 حلقوں میں نہیں پورے پنجاب کے لیے ہے، انہوں نے ریلیف اقدام کو چیلنج کر کے غریب اور عوام دشمن ہونے کا ثبوت دیا۔