لاہور(گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما وچیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ جعلی حکومت کی دھونس اور جبر سے تحریک انصاف سے وابستگی رکھنے والوں کے حوصلوں کو تقویت ملی ہے ،کرپٹ لیگ کو گزشتہ کئی دہائیوں سے دھاندلی کے ذریعے عوام کا مینڈیٹ چرانے کی لت پڑی ہوئی ہے ،حمزہ شہباز کے جعلی اقتدار کو طول دینے کے لئے ضمنی انتخابات میں جھرلو پھیرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے لیکن ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی پی 158کے ضمنی انتخابی حلقے میں ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران گفتگو اور مختلف مقامات پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ جو لوگ حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہیں وہ امپورٹڈ حکومت کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح کھٹکتے ہیں ، امپورٹڈ حکومت ملک کے جس پولیس اسٹیشن میں چاہے مقدمات درج کرا لے لیکن ہمیں اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتی ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اس سے آگاہ ہے کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد انتہائی مشکل ہے اور ہمیں معلوم ہے کہ اس کیلئے عالمی سامراج اور ان کے پاکستان میں موجود سہولت کار ہر طرح کا منفی حربہ استعمال کریں گے لیکن پاکستانی قوم نے اب فیصلہ کر لیا ہے ہم نے غلامی کا طوق اتار پھینکنا ہے ،ضمنی انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کے ذریعے ثابت کریں گے کہ انہیں عالمی سامراج اور ان کے ایجنٹوں کی غلامی قبول نہیں۔