برہان وانی کی شہادت

حریت پسندرہنما برہان وانی کی شہادت کو 6سال گزر گئے

اسلام آباد(گلف آن لائن)حریت پسندرہنما برہان وانی کی شہادت کو 6سال گزر گئے،برہان وانی کا یومِ شہادت بھارت سے آزادی اور حقِ خود ارادیت کیلئے مزاحمت کے عہد کے طور پر منایا گیا ،برہانی وانی کو جموں و کشمیر میں ہندوستانی فورسز نے8جولائی2016کو شہید کیا،صرف 15سال کی عمر میں ہندوستانی فوجیوں کے خلاف آواز اٹھانے والے برہان وانی ایک ہونہار طالب علم تھے،خالد وانی کی شہادت کے بعد ان کے چھوٹے بھائی برہان وانی نے بھارتی سامراج کے خلاف مزاحمت کی تحریک کو مشکل ترین حالات میں منظم کیا،کشمیری نوجوانوں کے نزدیک برہان وانی ایک دلیر حریت پسند اور ہیرو تھے،برہان وانی نے وادی کشمیر کے جنگلوں، پہاڑوں اور بیابان علاقوں میں رہ کر مشکل ترین حالات میں بھارتی ا فواج کو کئی برس تک تگنی کا ناچ نچوایا،

ہندوستانی فوج کی جانب سے حریت پسند رہنما برہان وانی کی کسی بھی قسم کی اطلاع دینے والے کو 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان بھی کیا گیا تھا،برہان وانی نے بھارتی دہشت اور وحشت کے سامنے آکر نہ صرف ان کو للکارا بلکہ پوری دنیا کے سامنے بھارتی افواج کے جنگی جرائم کو بے نقاب بھی کیا،برہان وانی کو بھارتی فوجیوں نے اس لیے شہید کیا کیونکہ وہ اپنی قوم اور لوگوں کے لیے کھڑے ہوئے،برہان وانی کو کشمیر کی نئی مسلح تحریک کا ‘پوسٹر بوائے’ بھی کہا جاتا ہے، 8 جولائی 2016کو برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیر میں وسیع پیمانے پر عوامی تحریک شروع ہوئی تھی جسے دبانے کے لیے سرکاری کارروائیوں میں درجنوں افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے،امریکہ میں مقیم معروف کشمیری آرکیٹیکٹ ٹونی اشائی نے برہان وانی کیلئے لکھا کہ میں انھیں نہیں جانتا لیکن میں نے سنا ہے کہ سب کشمیری ان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں،اسوا شاہ نے برہان وانی کی نماز جنازہ کی تصویر شیئر کی اور لکھا دو لاکھ افراد ان کے جنازے میں شامل ہوئے اور لاکھوں کشمیریوں نے غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی، وہ کشمیر کا بیٹا ہے وہ ہمارا ہیرو ہے وہ ہمارا برہان ہے،برہان وانی کی جرات و بہادری کو کشمیری عوام کبھی فراموش نہیں کریں گے،کشمیر کی تاریخ میں برہان وانی کو جرات اور مزاحمت کی علامت کے طور پر یاد کیا جاتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں