اسلام آباد(گلف آن لائن) ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں 17جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخابات پرانی حتمی انتخابی فہرستوں پر ہو نگے،قانون کے مطابق الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد ووٹر لسٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکتی،میڈیا پر چلنے والے ووٹ اندراج کے بیانات بے بنیاد ہیں اور حقیقت کے بر عکس ہیں،یہ سراسر پروپیگنڈا مہم ہے جس کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔
جمعہ کو اپنے ایک بیان میں ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں 17جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخابات پرانی حتمی انتخابی فہرستوں پر ہو رہے ہیں، الیکشن کمیشن کی طرف سے شیڈول کے اعلان کے بعد انتخابی فہرست منجمند کر دی جاتی ہے تاکہ پولنگ اسکیم بنانے میں آسانی ہو،قانون کے مطابق الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد ووٹر لسٹ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاسکتی، نہ ہی کوئی ووٹ درج کیا جاسکتا ہے نہ خارج کیا سکتا ہے، نہ ہی ووٹرکوائف میں کوئی تبدیلی کی جا سکتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ووٹر لسٹ میں تب تک کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکتی جب تک متعلقہ حلقہ میں الیکشن کا انعقاد نہ ہو جائے،میڈیا پر چلنے والے ووٹ اندراج کے بیانات بے بنیاد ہیں اور حقیقت کے بر عکس ہیں۔ یہ سراسر پروپیگنڈا مہم ہے جس کے ذریعے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے،الیکشن کمیشن 20ضمنی حلقوں میں دیگر اداروں کے تعاون سے شفاف اور پرامن الیکشن کے انعقاد کیلئے پر عزم ہے اور اس کو یقینی بنایا جائے گا۔