لاہور( گلف آن لائن)سینئر اداکارقوی خان نے کہا ہے کہ الحمد اللہ میں واحد اداکار ہوں جوگزشتہ سات دہائیوں سے شوبز کی دنیا میں بغیر کسی وقفے کے کام کر رہا ہوں،میرے اندر آج بھی وہی جوش و جذبہ ہے جو اس شعبے میں آنے کے پہلے دن تھا، پشاور سے لاہور تک کے سفر میں بڑے مسائل اور مشکلات آئیں اور بھوک بھی کاٹی ہے ۔ایک انٹر ویو میں قوی خان نے کہا کہ جب پشاور سے لاہور آیا تھا تو میرے پاس رہنے کیلئے چھت بھی نہیں تھی لیکن آج خد اکا شکر ہے کہ اس ذات نے مجھے وہ سب کچھ عطا کیا ہے جس کی کسی بھی انسان کو خواہش ہو سکتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی کسی کے ساتھ غلط کمٹمنٹ ، ہیرا پھیری ،غلط بیانی یا فراڈ نہیںکیا لیکن میرے ساتھ بہت سارے لوگوں نے نا انصافی کی ہے ۔میرا یہ ماننا ہے کہ خدا کی ذات پر توکل کرنے والا ضرور کامیاب ہوتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی وی کا آغاز ہوا تو میں پہلے ڈرامے کا ہیرو تھا،میںنے اداکاری کے ساتھ 13فلمیں بھی پروڈیوس کی اور ایک فلم کی ہدایتکاری کے فرائض بھی سر انجام دئیے ہیں۔