لاہور(گلف آن لائن)نامور اداکارہ زارا نور عباس نے کہا ہے کہ پاکستان میں نہ صرف سوشل میڈیا بلکہ شوبز انڈسٹری میں بھی خواتین کو صنفی تفریق کا سامنا ہے،ایک عورت کی پینٹنگ اس وقت بنائی تھی جب مجھے لگا کہ مرد حضرات کے مقابلے خواتین سے گھروں میں بھی زیادہ سوالات کیے جاتے ہیں اور ان کے کردار پر شک کیا جاتا ہے۔ایک غیر ملکی میگزین کو انٹر ویو میں اداکارہ نے کہا کہ نہ صرف ان کی ہر بات بلکہ پاکستانی معاشرے کی ہر خاتون کے بیان اور سوچ کو مختلف زاویے سے پرکھا ار دیکھا جاتا ہے اور خواتین کی جانب سے کہی گئی بات پر زیادہ سوالات کیے جاتے ہیں۔خواتین سے کب، کون، کیوں، کس وقت، کس کے ساتھ اور کیا جیسے اور بھی بہت سارے فضول سوالات کیے جاتے ہیں جبکہ مرد حضرات سے ایسا نہیں پوچھا جاتا۔
زارا نور عباس نے انکشاف کیا کہ شوبز انڈسٹری میں بھی اداکارائوں کو صنفی تفریق کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور شوبز میں یہ بہت ہی زیادہ ہوتا ہے۔انہوں نے شوبز انڈسٹری کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ابھی تک اداکارائوںکو بنیادی ضروریات بھی میسر نہیں، ہولی وڈ سے مقابلہ تو دور کی بات ہم بولی وڈ اور ٹولی وڈ جیسے بھی نہیں۔تامل اور دیگر فلم انڈسٹریز آگے کی طرف جا رہی ہیں اور ہم پیچھے کی جانب سفر کر رہے ہیں اور ہمیں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہوتیں۔