اسلام آباد (گلف آن لائن)پنجاب میں ضمنی انتخاب کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ ووٹرز کی حفاظت کے لئے فوج و رینجرز کے جوانوں کی تعیناتی ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ضمنی انتخابات اتوار سترہ جولائی کو ہونگے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان لاہور پہنچ گئے، صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر کیمپ آفس قائم کر کے سیکیورٹی و الیکشن انتظامات کا جائزہ لیا گیا ۔الیکشن کمیشن کی درخواست پر وزارت داخلہ کا 2000 ایف سی اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ سیکرٹری عمر حمید خان نے کہاکہ یہ فیصلہ امن و امان کی ممکنہ صورت حال اور الیکشن کمیشن کے مراسلے کے جواب میں کیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پاک فوج کی قیادت کو واضح کردیا کہ ووٹرز کی حفاظت کے لئے فوج و رینجرز کے جوانوں کی تعیناتی ضروری ہے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے خاص طور پر سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان کو الیکشن سیکورٹی و انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے لاہور کیمپ آفس قائم کرنے کی ہدایت کی ۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے کہاکہ الیکشن کے دوران کسی قسم کی بدامنی برداشت نہیں کی جائیگی، تخریبی عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ تمام ریاستی اداروں کی بھرپور مدد حاصل ہے،بہتر انتظامات اور مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی گئی۔ عوام بلا خوف و خطر گھر سے باہر نکلیں۔ ووٹ ڈالیں۔
٭٭٭٭٭