عمران خان

اپنے دور حکومت میں بہت سے کام کر سکتا تھا ،ہاتھ بندھے ہوئے تھے ،اتحادی بلیک میل کرتے تھے، عمران خان

اسلام آباد (گلف آن لائن)سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)عمران خان نے کہا ہے کہ اپنے دور حکومت میں بہت سے کام کر سکتا تھا لیکن ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے کیونکہ اتحادی ہمیں بلیک میل کرتے تھے،اسمبلی میں ووٹنگ کیلئے اتحادیوں کو ایجنسیز کے ذریعے بلانا پڑتا تھا،ہمارے دور میں جس طرح احتساب ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہو سکا ،نیب کا کنٹرول کسی اور کے پاس تھا جو احتساب نہیں چاتے تھے ، آئندہ مجھے اسی طرح کی حکومت ملی جیسے پہلے ملی تھی تو اقتدار نہیں سنبھا لوں گا،کمزور اتحادی حکومت میں بڑے فیصلے نہیں کئے جاسکتے۔

نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر سوالات کے لائیو سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں جس طرح احتساب ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہو سکا ،میں نے اپنے طور پر نیب کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن نیب کا کنٹرول کسی اور کے پاس ہے اور وہ نہیں چاہتے کہ اس ملک میں احتساب ہو، ان کیلئے کرپشن اتنی بری چیز نہیں تھی اور یہی سب سے بڑی بدقسمتی تھی۔انہوں نے کہا کہ جب بھی میرے کسی وزیر کے حوالے سے کوئی سکینڈل سامنے آتا تھا تو میں فوری طور پر اسے واٹس ایپ کرکے کہتا تھا کہ اس کا جواب دو اور میں اپنے طور پر ان کی تحقیقات بھی کرتا تھا۔

انہوں نے کہ آئندہ اگر مجھے اسی طرح کی حکومت ملی جیسے اس سے پہلے ملی تھی تو میں اقتدار نہیں سنبھا لوں گا کیونکہ آپ ایک کمزور اتحادی حکومت میں بڑے فیصلے نہیں کر سکتے، آپ کے ہاتھ میں کچھ نہیں ہوتا اور جن کے ہاتھ میں ہوتا ہے وہ اگر احتساب نہیں چاہتے تو آپ کچھ نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ اگر اللہ نے دوبارہ حکومت دی تو میں اسے صرف اس صورت میں قبول کروں گا جب میرے پاس طاقت ہو تاکہ ہم اس ملک میں تبدیلیاں لا سکیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اپنے دور حکومت میں اور بہت سے کام کر سکتا تھا لیکن ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے تھے، ہم اپنے اتحادیوں سے بلیک میل ہوتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ منظور کروانے کیلئے ہمیں منتیں کرنی پڑتی تھیں، اسمبلی میں ووٹنگ کیلئے ایجنسیوں کو کہنا پڑتا تھا کہ اتحادیوں کو اسمبلی لے کر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مدت میں ہم ایک عذاب سے گزرے ہیں اور ایسی حکومت میں آپ اصلاحات نہیں کر سکتے، پارلیمانی جمہوریت میں بھاری اکثریت کے بغیر بڑے فیصلے کرنا ممکن نہیں۔ضمنی الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشنز کے موقع پر 2018کے الیکشن سے بھی زیادہ جوش دیکھا ہے جس میں سوشل میڈیا کا بڑا کردار ہے جبکہ ٹک ٹاک نے بھی بڑا کمال کیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ایسے آدمی سے میں کبھی ملنا چاہتا ہوں نہ کبھی اس کی شکل دیکھنا چاہتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں