مقبوضہ بیت المقدس(گلف آن لائن)فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے اسرائیل کے شام پر کیے گئے تازہ حملے کی پرزور مذمت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ حملہ گزشتہ روز کیا گیا، پچھلے کچھ عرصے سے آئے روز اسرائیل شام میں فضائی حملے کررہا ہے۔حماس نے اپنے مذمتی بیان میں اسرائیلی حملے کو عرب قوم کے خلاف اسرائیلی جرائم کے سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا ۔ حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ اسرائیلی فوجی یلغار کی حوصلہ افزائی ان قوتوں کی طرف سے کی جاتی ہے جو خطے میں قابض ریاست کو مضبوط بنارہی ہیں۔
ترجمان حماس کے مطابق اس صورت حال میں تیزی امریکی صدر جوبائیڈن کے اسرائیل کے دورے کے بعد آئی ہے۔ جوبائیڈن نے اسرائیلی دورے کے دوران اعلی فوجی حکام سے بھی ملاقات کی۔ جوبائیڈن بعد ازاں سعودی عرب کے دورے پر گئے۔ جہاں ان سے عرب قیادتوں سے ملاقاتیں کیں۔