ٹڈیپ

ٹڈیپ عالمی نمائش کیلئے مالی معاونت کی درخواست پر دوبارہ نظر ثانی کرے’ کارپٹ ایسوسی ایشن

لاہور(گلف آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے ستمبر میں شیڈول ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش کیلئے فنڈز کے اجراء سے معذرت پراتھارٹی کے ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے اس فیصلے پر دوبارہ نظر ثانی کی جائے جبکہ ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس آج ( پیر) کے روز طلب کر لیا گیا جس میں اتھارٹی سے مالی معاونت نہ ملنے سے پیدا ہونے والی صورتحال اور آئندہ کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جائے گی ۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین میجر (ر) اختر نذیر نے کہا ہے کہ 38ویں عالمی نمائش کے تناظر میں غیر ملکی خریداروں سے پیشگی رابطے کئے جا چکے ہیں اور انہیں پاکستان آمد کیلئے راغب کیا گیا تاہم اب ٹڈیپ کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ مالی مشکلات کی وجہ سے غیر ملکی خریداروں کے سفر اور قیام کی مد میںپیکج نہیں دیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھر میں ایسوسی ایشن انفرادی سطح پر عالمی نمائشوں کا انعقاد کرتی ہیں اور انہیں اپنی حکومتوں کی جانب سے مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے ۔مطالبہ ہے کہ اس حوالے سے ہماری درخواست پر دوبارہ نظر ثانی کی جائے تاکہ نمائش کے کامیابی سے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت جن نا مساعد حالات سے دوچار ہے ایسے میں پاکستان میں عالمی نمائش انڈسٹری کے لئے تقویت کا باعث ہو گی جس سے ہماری برآمدات بھی فروغ پائیں گی اور موجودہ معاشی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ ہم اپنی برآمدات کو بڑھائیں ۔ انہوں نے کہا کہ نئی پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد ایسوسی ایشن نے آج ( پیر) کے روز ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں اپنے طور نمائش کے انعقاد کے حوالے سے بھرپور کاوش کی جائے گی اور آئندہ کی حکمت عملی بھی مرتب کی جائے گی ۔ اجلاس میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ مینو فیکچررز ،برآمد کنندگان اور سٹال ہولڈرز کو مدعو کیا گیا ہے اور ان کی مشاورت سے حتمی فیصلے کئے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں