کراچی (شوبز ڈیسک)حال ہی میں ریلیز ہونے والی امریکا کی پہلی مسلم پاکستانی سپر ہیرو ویب سیریز میں عائشہ کا کردار ادا کرنے والی مہوش حیات نے کہا ہے کہ ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے نے ویب سیریز میں تقسیم برصغیر کے واقعات کو صداقت اور سچائی کے ساتھ پیش کیا۔
چھ اقسام پر مشتمل مس مارول کی پہلی قسط گزشتہ ماہ 8 جون جبکہ آخری قسط رواں ماہ جولائی کے وسط کو ڈزنی پلس پر ریلیز کی گئی تھی ،اس ویب سیریز کو دنیا بھر میں سراہا گیا تھا۔جہاںویب سیریز کو پہلی بار مسلمان باحجاب لڑکی کو سپر ہیرو کے طور پر دکھایا گیا تھا، وہیں اس میں پہلی بار کسی پاکستانی لڑکی کو بھی سپر ہیرو دکھایا گیا،مس مارول کو تقسیم برصغیر ،قیام پاکستان سے متعلق مناظر اور ڈائیلاگز پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور لوگوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ویب سیریز میں بھارتی بیانئے کو اہمیت دی گئی ہے۔
سیریز کے ایک منظر میں فواد خان کو قائد اعظمکے برعکس گاندھی کی زیادہ تعریفیں کرتے دکھایا گیا تھا۔جبکہ ثمینہ احمد کو کہتے ہوئے دکھایا گیا تھا کہ اگرچہ ان کے پاس پاکستانی پاسپورٹ ہے مگر ان کی جڑیں بھارت میں ہیں۔اب مہوش حیات نے انسٹاگرام پر ویب سیریز کے مناظر سمیت اس کے پریمیر کے دوران کھچوائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ویب سیریز میں ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے نے تقسیم ہند کی تاریخ کو صداقت اور سچائی کے ساتھ پیش کیا۔
مہوش حیات نے اپنی پوسٹ میں مس مارول کے پروڈیوسرز اور مس مارول یعنی کمالہ خان کا کردار تخلیق کرنے والی پاکستانی نژاد لکھاری ثنا امانت کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس طرح کا کردار تخلیق کیا، جسے دیکھنے کے بعد بہت ساری پاکستانی اور مسلمان لڑکیاں خود کو سپر ہیرو کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔
انہوں نے مس مارول کمالہ خان کا کردار ادا کرنے والی ایمان ولانی کی بھی تعریفیں کیں۔انہوں نے فواد خان کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی وجہ سے ہی وہ عائشہ کا کردار احسن انداز میں نبھانے کے قابل ہوئیں۔