لاہور(گلف آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ملک میں غیر یقینی اور تذبذب کی صورتحال بڑھتی جارہی ہے جس کے معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں،ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے صاف اور شفاف انتخابات نا گزیر ہیں بصورت دیگر چیلنجز مزید بڑھ جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف ویمن ونگ لاہور کی سابق جنرل سیکرٹری آصفہ طیب میر کی جانب سے وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں تحریک انصاف کی کامیابی کی خوشی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ جب سے سازش کے ذریعے تحریک انصاف کی حکومت ختم کی گئی ہے اس وقت سے معیشت دن بدن زبوں حالی کا شکار ہوتی جارہی ہے اور مہنگائی کی بڑھتی شرح کی وجہ سے عوام دو وقت کی روٹی کے لئے بھی پریشان ہیں ۔ بجلی کے بلوں میں بھاری ٹیکسز عائد کرنے کے خلاف ملک بھر کی تاجر برادری سراپا احتجاج ہے لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اپنی کوئی پالیسی نہیں ہے جس کا خمیازہ معیشت سے جڑے تمام شعبے بھگت رہے ہیں ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا کہ آج ملک میں ہیجان کی کیفیت پیدا ہو چکی ہے اور اگر فوری طو رپر انتخابات کا اعلان نہ کیا گیا تو معاشی تنزلی کے باعث ملک میں بیروزگاری کا سیلاب آئے گا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پنجاب میںہماری حکومت کی پہلی ترجیح گورننس کو بہتر کرنا ہے ، یہ طے پا چکا ہے کہ جو بھی عوامی فلاح کے منصوبے روکے گئے تھے انہیں دوبارہ شروع کیا جائے گا اور عوام کو ان کے ثمرات پہنچانے کیلئے ان کی رفتار بڑھائی جائے گی ۔