بیجنگ (نمائندہ خصوصی) چینی وزارت خارجہ کی میڈیا بریفنگ میں امریکہ اور جاپان کے حالیہ مذاکرات میں چین کے تذکرے سے متعلق پوچھا گیا۔پیر کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چاو لی جیان نے کہا کہ چین ہمیشہ سے کھلے پن اور باہمی مفاد کے تصور کی روشنی میں عالمی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھا رہا ہے اور دوسرے ممالک کے ساتھ ترقی کے مواقع شیئر کر رہا ہے۔
چین کبھی دوسرے ممالک کے داخلی امور میں مداخلت نہیں کرتا ، تجارتی جنگ کا روادار نہیں ہے اور نہ ہی دوسرے ممالک کے کاروباری اداروں کو دبانے کی کوشش کرتا ہے ۔دوسری جانب، امریکہ اپنی بالادستی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کوششیں کرتا ہے ۔یہ نہ صرف مارکیٹ کے اصولوں بلکہ عالمی تجارتی اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔
چینی ترجمان نے امریکہ اور جاپان پر زور دیا کہ وہ معاشی و تجارتی امور اور ٹیکنالوجی امور کو سیاسی رنگ نہ دے، تیسرے فریق کے مفادات کو نقصان نہ پہنچائے اور تعاون اور مذاکرات کی آڑ میں تقسیم اور تنازع کا کام نہ کرے۔