لاہور ( گلف آن لائن ) معروف اداکار ببرک شاہ نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی بحالی فرد واحد کے بس کی بات نہیں بلکہ اس کے لئے حکومت کو بھی سپورٹ کرنا چاہیے ، فلم انڈسٹری کے بحران کی بے شمار وجوہات ہیں مگر اب بحث میں الجھنے کی بجائے ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنا چاہیے ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ببرک شاہ نے کہا کہ فلم انڈسٹری کو کوئی ایک شخص بحال نہیں کر سکتا بلکہ اس کے لئے مشترکہ طور پر جدوجہد کرنی ہو گی ۔
اس کے ساتھ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو فلم انڈسٹری کی بہتری کے لئے آگے آنا ہو گا تب جا کر ہم دوبارہ انڈسٹری کو اپنے پائوں پر کھڑا کر سکتے ہیں ۔ ببرک شاہ نے کہا کہ کراچی میں اچھی فلمیں بن رہی ہیں مگر اس کے لئے لاہور کے اسٹوڈیوز کی ویرانی کو بھی ختم کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی ترقی کیلئے جہاں بھی میری ضرورت ہو گی میں دل و جان سے حاضر ہوں۔