لاہور(گلف آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم شعیب ملک کا متبادل نہیں ملا ہے انہیں ایشیاکپ اور ورلڈکپ اسکواڈ سے ڈراپ کرنا حیران کن ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے ایشیاکپ اور نیدر لینڈ کے خلاف منتخب شدہ اسکواڈ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شعیب ملک اور شان مسعود کو نظر انداز کیا گیا ہے، قومی ٹیم میں چوتھے نمبر پر ملک بالکل فٹ بیٹھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ افتخار احمد پچھلے پانچ سالوں سے ٹیم سے اِن اور آؤٹ ہورہے ہیں ،آصف علی اور خوشدل شاہ ایک ہی طرح کی بلیبازی کرتے ہیں، میرے خیال میں ٹیم میں بہتری کی مزید گنجائش ہے۔
گزشتہ روز ایشیاکپ اور نیدر لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا جس میں فاسٹ بولر حسن علی، سابق کپتان سرفراز احمد، شان مسعود اور شعیب ملک کو اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا جبکہ نوجوان بولر نسیم شاہ وائٹ بال کرکٹ میں موقع دیا گیا تھا۔قومی اسکواڈ کی قیادت کے فرائض کپتان بابراعظم جبکہ شاداب خان کو انکا نائب منتخب کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان 16 اگست سے شروع ہونے والی تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں نیدرلینڈز کا مقابلہ کرے گا، جس کے بعد پاکستان ایشیا کپ 2022 کے اپنے افتتاحی میچ میں روایتی حریف بھارت سے مقابلہ کرے گا۔