اسلام آباد (گلف آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے پرامن یوم عاشورہ پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وزارت داخلہ، صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی کا شکر ہے کہ عاشورہ پرامن ماحول میں منعقد ہوا اور کوئی نا خوشگوار واقعہ نہیں آیا۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پولیس، رینجرز سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے افسران اور جوانوں کو شاباش دیتا ہوں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ دن رات سخت گرمی اور مشکل حالات میں عوام کے جان ومال کی حفاظت کرنے والی پولیس کو خاص طور پر شاباش دیتا ہوں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ اس دن رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے نوجوانوں کی بھی تحسین کرتا ہوں۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ سب کے ٹیم ورک سے ہی پرامن انداز میں یہ دن مکمل ہوا ہے، آپ سب پر فخر ہے۔