لاہور( گلف آن لائن)تاجر رہنما و پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین سینئر نائب صدر فیروز پور بورڈ وسابق ایگزیکٹو ممبرلاہور چیمبرز آف کامرس نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی اور صنعتی شعبوںمیں بدترین لوڈشیڈنگ صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ سے مہنگی بجلی کے بعد فیول ایڈجسٹمنٹ فارمولہ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافوں سے صنعتی شعبہ متاثر ہورہا ہے اور بجلی کے ہوشربا بلوں کی ادائیگی مشکل ہوتی جارہی ہے۔صنعتی شعبہ بعد از فروخت اپنی اشیاء پر فیول ایڈجسٹمنٹ کی طرح صارفین سے وصولی نہیں کرسکتا اس لیے فیول ایڈجسٹمنٹ فارمولہ یکسر ختم کرکے عوام اور صنعتی شعبہ کو ریلیف دیا جائے۔انہوںنے وزیر اعظم کی زیر صدارت توانائی بارے اجلاس میں مہنگی بجلی کی بجائے صارفین کو سولر سسٹم فراہم کرنے کے منصوبہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کم لاگت اور ماحول دوست بجلی پیدا ہوگی .
انہوںنے کہا کہ اس منصوبہ میں گھریلوں صارفین کے ساتھ ساتھ انڈسٹریز کو بھی شامل کیا جائے تاکہ انڈسٹریز کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جاسکے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کچھ ماہ میں 14000میگا واٹ کے سولرآئزین کے منصوبوں کے اجراء جن میں9000میگا واٹ کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے سے توانائی بحران کے خاتمہ میں مدد ملے گی اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔جس سے عوام کو ریلیف ملے گا ۔