کراچی(گلف آن لائن) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 لیاری میں ضمنی انتخابات کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدوار طیب ہاشمی نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے حقائق کو نظر انداز کرکے کاغذات نامزدگی منظور کیے۔اپیل میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے گوشواروں میں زرعی زمین چھپائی۔ عمران خان نے اپنے بینک اسٹیٹمنٹ بھی چھپائے۔ عمران خان اور ان کی اہلیہ القادر ٹرسٹ کے بینیفشری ہیں، لیکن کاغذات میں کوئی ذکر نہیں۔ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ عمران خان کے خلاف سنایا تھا۔
عمران خان نے جھوٹا حلف نامہ الیکشن کمیشن میں جمع کرایا تھا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ این اے 108 فیصل آباد کے ریٹرننگ آفیسر نے انہی حقائق کے باعث کاغذات مسترد کیے۔ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے این اے 246 سے عمران خان کے کاغذات مسترد کیے جائیں۔