کابل(گلف آن لائن)افغان طالبان کے سربراہ نے کہا ہے کہ طالبان بین الاقوامی برادری کے ساتھ شریعت کے مطابق معاملات اور تعلقات رکھیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق تقریبا 3ہزار قبائلی رہنما،حکام اور مذہبی اسکالرز جنوبی شہر قندھار میں جمع ہوئے تھے جہاں گروپ کے اعلی روحانی پیشوا ہیبت اللہ اخوندزادہ مقیم ہیں۔ تقریبا ایک سال قبل اس گروپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ اس طرح کا دوسرا اجتماع تھا۔
انہوں نے تقریر میں کہا کہ یہ اجتماع اس آزادی کے بارے میں سوچنے کے لیے بلایا گیا ہے جو ہمیں اللہ کی نعمت سے ملی ہے، جو ہم نے اپنے مجاہدین (جنگجوئوں) کے خون سے حاصل کی ہے۔ہیبت اللہ نے کہا کہ ہم عالمی برادری کے ساتھ اسلامی شریعت کے مطابق معاملہ اور تعلقات رکھیں گے، اگر شریعت اس کی اجازت نہیں دیتی تو ہم کسی دوسرے ملک کے ساتھ ڈیل نہیں کریں گے۔