لاہور( گلف آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشیدچیمہ نے کہا ہے کہ ٹی وی عمران خان کی ضرورت نہیں بلکہ عمران خان ٹی وی کی ضرورت ہے ،امپورٹڈ حکمران یہ سمجھ رہے ہیں کہ بلیک آئوٹ کرنے سے عمران خان کی لازوال جدوجہد دم توڑ جائے گی جو ان کی بھول ہے ، عمران خان کا بیانیہ نہ صرف گھر گھر پہنچ چکا ہے بلکہ لوگوں کے دلوں میں بھی گھر کر چکا ہے ۔
ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ امپورٹڈ ٹولہ اور ان کے سہولت کار عمران خان کو سیاسی منظر نامے سے ہٹانے کے لئے ہر حربہ آزما کر دیکھ کے ہیں ، وہ جو بھی اقدام کرتے ہیں عوام کے دلوں میں عمران خان کیلئے عوام کی محبت اور احترام پہلے سے زیادہ ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کون سا حکمران ہے جس کی حفاظت کے لئے عوام اس کے گھر کے باہر اپنا حصار قائم کر لیں ۔
امپورٹڈ ٹولے کو متنبہ کرتے ہیں کہ ہوش کے ناخن لیں آپ کے اقدامات ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کا سبب نہ بن جائیں ۔ انہوںنے کہا کہ مسلط کئے گئے حکمران ٹولے کو سمجھ آ جانی چاہیے کہ عمران خان تر نوالہ نہیں جسے وہ ہڑپ کر جائیں گے بلکہ عمران خان کروڑوں عوام کے دلوں میں بستا ہے او ر منفی پراپیگنڈے اور اوچھے ہتھکنڈوں سے عمران خان اور عوام میں دوریاں پیدا نہیں کی جا سکتیں۔