حافظ نعیم الرحمن

حکومت عیاشیاں ختم نہیں ہو رہی اور غریب آدمی برباد ہوتا جارہا ہے،حافظ نعیم الرحمن

کراچی(گلف آن لائن)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت عیاشیاں ختم نہیں ہو رہی اور غریب آدمی برباد ہوتا جارہا ہے۔منگل کو ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو 28 اگست کو کراچی میں بلدیاتی انتخابات کروانے کا حکم دیا ہے، الیکشن کمیشن بلیک میلرز کا آلہ کار نہ بنے۔انہوں نے کہا کہ اندرون سندھ کو جواز بنا کر کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنا غلط ہے، ڈھائی سال سے بلدیاتی انتخابات میں جان بوجھ کر تاخیر کی جا رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اگر کسی نے بلدیاتی انتخابات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو جماعت اسلامی بھرپور مزاحمت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی الیکشن کیمپین سے ڈرکر بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ کے الیکٹرک نے کراچی والو کا جینا دوبھر کر دیا ہے، تمام پارٹیاں کے الیکٹرک کی سپورٹر ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک سے 25 ارب واپس دلوائے جبکہ ن لیگ نے کے الیکٹرک کو سپورٹ کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ن لیگ اور پی پی کے الیکٹرک کے سرپرست ہیں، غریب آدمی جس کا بل دو ہزار بنتا تھا فیول ایڈجسٹمنٹ لگا کر اس کا بل چار ہزار سے بھی زیادہ بن رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت عیاشیاں ختم نہیں ہو رہی اور غریب آدمی برباد ہوتا جارہاہے، انکم ٹیکس بجلی کے بلوں میں کہاں سے آگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے الیکٹرک اور بجلی کے بلوں میں ناجائز اضافے کے خلاف کورٹ میں جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں