میاں اسلم اقبال

عوامی فلاح کی سکیموں پر دن رات کام کر کے جلدمکمل کیا جائے’میاں اسلم اقبال

لاہور( گلف آن لائن)صوبائی وزیر ہائوسنگ وابن ڈویلپمنٹ وپبلک ہیلتھ انجینئرنگ میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت ہائوسنگ ڈیپارٹمنٹ میں بریفنگ اجلاس منعقد ہوا جس میںمحکمے کی جاری سکیموںپر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ہائوسنگ اور ترقیاتی اداروں کے حکام نے منصوبوں پر پیش رفت بارے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر ہائوسنگ میاں اسلم اقبال نے عوامی فلاح کی سکیموں پر دن رات کام کر کے جلدمکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اب ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھ رہنے کا نہیں بلکہ کام کرنے کا وقت ہے۔ادارے عوام کو خدمات کی فراہمی کا عمل موثر اور بہتر بنائیں۔انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام چھت سے محروم لوگوں کو اپنی چھت دینے کا پراجیکٹ ہے۔ لاکھوں لوگوں کی رہائشی ضروریات پوری کرنے کے لئے راوی شہر بسایا جارہا ہے۔ عوامی اہمیت کے ان منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانا ہے۔

صوبائی وزیر ہائوسنگ نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں کی بحالی کی سکیمیں نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔ بہتر روڈ انفراسٹرکچرسے ایندھن کی بچت ، فضائی آلودگی میں کمی اور ٹریفک کے بہائو میں بہتری آتی ہے اس لیے ان منصوبوں میں سستی اور تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے واساز اپنے منصوبوں میں تیزی لائے۔ سیکرٹری ہائوسنگ شکیل احمد ، سپیشل سیکرٹری ، ایم ڈی واسا، چیف نارتھ وساوتھ پبلک ہیلتھ انجینئر ز،ایل ڈی اے اور پی ایچ اے کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں