میڈرڈ(گلف آن لائن)یورپی یونین کے اعلی سفارت کارنے کہا ہے کہ ایران سے جوہری معاہدے کی بحالی کے بارے میں ممکنہ اجلاس رواں ہفتے منعقد ہوسکتا ہے۔ ایران یورپی یونین کی تجویز پراپنا جواب پیش کرچکا ہے اور اب اس کی روشنی ہی میں مزید پیش رفت ہوگی۔میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوسیپ بوریل نے اسپین کے شہرسانتنڈر میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ گذشتہ ہفتے کے آخر میں ویانا میں ایک اجلاس ہونا تھا لیکن یہ ممکن نہیں ہوسکا۔
اب یہ اس ہفتے ہوسکتا ہے۔بوریل نے کہاکہ مذاکرات جہاں تک ہوسکتے تھے ہوچکے ہیں۔ایران اپنا ردعمل دے چکا ہے مگرامریکا نے ابھی تک باضابطہ طور پر کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ لیکن ہم امریکیوں کے جواب کے منتظر ہیں اور مجھے امید ہے کہ ان کا جواب ہمیں مذاکرات مکمل کرنے کی اجازت دے گا۔