دبئی (گلف آن لائن)متحدہ عرب امارات میں اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا میلا سجنے کو تیار ہے، پہلا میچ (کل)ہفتہ کو ہوگا ۔تفصیلات کے مطابق 27 اگست سے میچز کا آغاز ہوگا جس میں 28 اگست کو روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ٹیموں نے آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔بھارتی ٹیم تیاری تو دیگر ٹیموں کے ساتھ آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں ہی کررہی ہے لیکن بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایک بار پھر دیگر ٹیموں سے الگ رہائش اختیار کرنے کی روایت برقرار رکھی ہے۔ ٹیم پام جمیرہ ریزارٹ میں رہائش پزیر ہے جبکہ پاکستان سمیت ایشیا کپ کی دیگر ٹیمیں ایک ہوٹل میں قیام پزیر ہیں۔بھارتی ٹیم روایتی طور پر دیگر ٹیموں کے سے الگ رہائش اختیار کرتی ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران بھی بھارتی ٹیم الگ رہی تھی جبکہ دیگر ٹیمیں دوسرے ہوٹلز میں قیام پزیر رہی تھیں،
بھارتی ٹیم نے آئی پی ایل کے دوران بھی اسی مقام پر رہائش اختیار کی تھی، ان دنوں متحدہ عرب امارات میں موسم شدید گرم ہے، ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کی ٹریننگ شام کے اوقات میں شیڈولڈ ہے ، اس کا دوسرا سیشن بھی غروب آفتاب کے بعد شیڈولڈ ہے۔خیال رہے کہ ایشیا کپ کے تمام تر انتظامات ایشین کرکٹ کونسل کرتی ہے، ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھارت کے جے شاہ ہیں جو بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری بھی ہیں۔