کراچی (گلف آن لائن)پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے اداکار احد رضا میر سیریز ریزیڈنٹ ایول کے دوسرے سیزن سے باہر ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے پاکستانی اداکار کو دوسرے سیزن میں کاسٹ کرنے کا ارادہ منسوخ کردیا۔نیٹ فلکس پر نشر ہونے والی ریزیڈنٹ ایول اینڈریو ڈیب کی ایکشن اور ہارر سے بھرپور سیریز تھی تاہم نیٹ فلکس نے ریزیڈنٹ ایول کے نئے سیزن کے لیے نئے کرداروں کے ساتھ نئی کہانی پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔ریزیڈنٹ ایول کی کاسٹ میں احد رضا میر سمیت ایلا بالنسکا، لانس ریڈک، تمارا اسمارٹ، سیانا اگڈونگ، ایڈلین روڈولف اور پاولا نوز شامل تھیں۔نیٹ فلکس نے ایلا بالنسکا اور پاولانوز کی بھرپور اداکاری کے باوجود شائقین کی عدم دلچسپی کے باعث اس سیریز کے دوسرے سیزن میں نئی کاسٹ کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
پاکستانی شائقین کے لیے یہ احد رضا میر کا بین الاقوامی پروجیکٹ میں ڈیبیو تھا، جس کے ساتھ ہی اداکار نیٹ فلکس شو میں کام کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے تھے۔تاہم، خراب ریٹنگ اور شائقین کی عدم دلچسپی کے باعث احد رضا میر نئے سیزن میں نظر نہیں آئیں گے، اس خبر سے ان کے مداحوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔مذکورہ ویب سیریز کا پریمئر تقریبا 2 ماہ قبل ہوا تھا، اس سیریز کی کہانی میں دو الگ الگ دور فلمائے گئے ہیں، ایک 2022 کا دور جو زومبی سے پہلے کا زمانہ ہے جبکہ دوسرا 2036 کا ہے جس میں آگے کا زمانہ دکھایا گیا ہے۔