اسلام آباد (گلف آن لائن)ملک میں تباہ کن سیلاب کے باعث مزید 36 افراد چل بسے ،حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 1162 ہو گئی ہے۔حالیہ بارشوں سے پنجاب میں مزید 19، خیبرپختونخوا میں 9، بلوچستان میں 5 اور سندھ میں 3 اموات ہوئیں یوں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 1162 تک جاپہنچی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے ساڑھے تین ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، بارشوں اور سیلاب کے دوران اب تک 243 پلوں کو نقصان پہنچا جب کہ سیلاب سے 3500 کلو میٹر سڑکیں متاثر ہوئیں۔سیلابی صورت حال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ سیلاب سے تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ، اسی حوالے سے وفاقی وزیر منصوبہ بندی کہتے ہیں کہ ابتدائی تخمینے کے مطابق سیلاب سے 10 ارب ڈالرزکا نقصان ہوا ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ ساڑھے 10لاکھ سیزائد گھر تباہ ہوئے ہیں اور جہاں پانی گزرچکا وہاں سروے شروع کر دیا گیا ہے، حالیہ تباہی گلوبل وارمنگ کی وجہ سے ہوئی ہے۔